انکولہ 26/جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں ایڈمٹ ایک پچاس سالہ شخص کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس کے بعد اس اسپتال کے اسٹاف سمیت متعلقہ شخص کے گھر کے اڑوس پڑوس میں بھی خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق رپورٹ پوزیٹو آ نے کے بعد متعلقہ شخص کو فوری طور پر کاروار کمس کے کوویڈ بلاک میں شفٹ کیا گیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ حال ہی میں یہ شخص مینگلور جاکر واپس آیا تھا اس کے ساتھ ساتھ اس کا ایک بیٹا حال ہی میں گوا سے واپس لوٹا تھا اس بنا پر ڈاکٹر اس بات کا پتہ لگانے میں جٹے ہوئے ہیں کہ اس شخص میں کرونا کہاں سے داخل ہوا ہوگا۔
یہ شخص جس دیہات سے اسپتال میں ایڈمٹ ہوا تھا، اب اس دیہات کے لوگوں میں کورونا کے اثرات پھیلنے کاخوف پایا جارہا ہے۔ اب اس کے گھر والوں اور اسپتال میں اس کے ساتھ رابطہ میں آنے والوں کے بھی سیمپل لئے جارہے ہیں۔